جنیوا۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی چاہتا ہے لیکن ہندوستان کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی فالس فلیگ آپریشن طرز کا ناٹک کر سکتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ مصالحت کی پیشکش کو قبول کیا ہے یہ ہندوستان …
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جنیوا میں انسانی حقوق کونسل اجلاس میں خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
جنیوا۔ 10 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی چاہتا ہے لیکن ہندوستان کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی فالس فلیگ آپریشن طرز کا ناٹک کر سکتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ مصالحت کی پیشکش کو قبول کیا ہے یہ ہندوستان ہے جس نے یہ تاثر دیا کہ ہم آپس میں معاملات کو طے کریں گے مگر وہ اس حد تک آگے جا چکے ہیں کہ اب یہ دو طرفہ مذاکرات سے حل نہیں ہو گا ، اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اور عالمی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ یہ جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کا سوال ہے، دو ایٹمی قوتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے کھڑی ہیں دنیا کب جاگے گی؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم کشمیر کےلئے آواز اٹھاتے رہیں گے کیونکہ یہ حق اور سچ کی آواز ہے، ابھی تو مقبوضہ جموں و کشمیر کی اصل صورتحال مخفی ہے جب کرفیو اٹھایا جائے گا تو اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک واضح تبدیلی دیکھ رہا ہوں، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس سے ایک واضح فضا ہندوستان کے موقف کے خلاف بن چکی ہے، سول سوسائٹی، ہیومن رائٹس کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیموں کی رپورٹس سب کے سامنے ہیں، بہت سے پارلیمنٹیرینز ،برطانیہ اور یورپ میں بلکہ امریکی کانگریس میں یکے بعد دیگرے جو بیانات اور ٹویٹس کر رہے ہیں ان میں تشویش پائی جا رہی ہے۔








