دفتر خارجہ کے ترجمان کا اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ مشنز بھیجنے کی پیشکش پر تبصرہ

114

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے بھارتی مقبوضہ کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشنز بھیجنے کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی کسی بھی ٹیم کا آزاد جموں و کشمیر بھیجنے کا خیرمقدم کرتا ہے لیکن بھارتی مقبوضہ کشمیر میں روز بروز بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکا آزاد جموں و کشمیر میں صورتحال سے موازنہ کسی صورت قبول نہیں، مقبوضہ کشمیر میں المناک حقیقت اور آزاد کشمیر میں پرامن صورتحال کے درمیان فرق نہایت واضح ہے اس لئے یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن کا بھارتی مقبوضہ کشمیر کا دورہ انتہائی ضروری ہے۔ جمعرات کو ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیسا کہ یو این ہائی کمشنر کے علم میں ہے،آزاد جموں و کشمیر ہر ایک کیلئے کھلا علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کے نمائندے سمیت غیر ملکی سیاح اور پاکستان میں سفارتی کمیونٹی کے ممبران اکثر جاتے رہتے ہیںاور حالیہ انتخابات کا جائزہ بھی لیا اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے او ایچ سی ایچ آر تک رسائی سے انکار کیا جبکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے حکام کو کبھی بھی آزاد جموں و کشمیر میں سفر کرنے سے نہیں روکا۔