وزیراعظم عمران خان (کل) مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے پالیسی بیان ‘دینگےترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان (کل) جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے پالیسی بیان دینگے۔پالیسی بیان مسئلہ کشمیر کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔پاکستان اور بھارت کے مابین کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں،بھارت مذاکرات کی میز پر آنے سے خائف ہے ۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ …

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان (کل) جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کے حوالے سے پالیسی بیان دینگے۔پالیسی بیان مسئلہ کشمیر کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔پاکستان اور بھارت کے مابین کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں،بھارت مذاکرات کی میز پر آنے سے خائف ہے ۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ اس کے علاوہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق دیگر متعدد اقدامات بھی زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک واقعہ نہیں بلکہ کشمیر کیلئے جدوجہد مسلسل عمل ہے،کشمیر سے متعلق ہمارا موقف واضح ہے۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ کشمیر سمیت بھارت کیساتھ تمام تنازعات مذاکرات سے حل کئے جا سکتے ہیں۔ہیومن رائٹس کونسل میں 58 ملکوں کی پاکستان کی حمایت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ان ممالک میں زیادہ تر او آئی سی کے رکن اور دیگر ممالک شامل ہیں،جنہوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے اور وادی میں مواصلات کی مکمل لاک ڈاون کی مذمت کی۔ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سعودی اور یو اے ای وزراءخارجہ کے حوالے سے مسئلہ کشمیر کو مسلم امہ کیساتھ منسلک نہ کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹ کو قیاس آرائی قرار دیا اور کہا کہ اس کے برعکس دونوں وزارءخارجہ کے دورہ نے سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کے حمایت کی توثیق کردی۔تنازعہ کشمیر سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے علاوہ دیگر ملکوں نے بھی ثالثی کی پیشکش کی ہے لیکن بھارت مذاکرات کی میز پر آنے سے خائف ہے۔