ہم نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

65

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہے، جہاں روزگار، محروم طبقے کی صحت، تعلیم، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور انصاف کی سہولیات مہیاہو سکیں، جلد اور آسان انصاف کی فراہمی ریاست مدینہ کی طرف ایک اہم قدم ہے، عدالتوں کی جانب سے دہائیوں سے زیر التوا مقدموں کو سرعت سے نمٹانا اور ماڈل کورٹس کے اجراءکا اقدام قابل ستائش ہے ۔ جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بنیادی انسانی حقوق کا ہر ممکن خیال رکھے۔ شہریوں کے جان ومال، عزت وآبرو کی حفاظت، تعلیم وصحت، اور فوری انصاف کی بلا تعطل فراہمی بہتر طرز حکومت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہے، جہاں روزگار،محروم طبقے کی صحت، تعلیم، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور انصاف کی سہولیات مہیاہو سکیں۔ جلد اور آسان انصاف کی فراہمی ریاست مدینہ کی طرف ایک اہم قدم ہے۔