مظفر آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان والا آدمی موت سے نہیں ڈرتا، ہم نے پائلٹ اس لئے واپس کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں، بھارت جو کشمیر میں کر رہا ہے اس کا ردعمل آئے گا، نریندر مودی یہ یاد رکھو کہ اگر تم نے پھر ایسا سوچا تو اینٹ کا جواب پتھر سے …
ہم نے پائلٹ اس لئے واپس کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں، بھارت کشمیر میں جو کر رہا ہے اس کا ردعمل آئے گا،وزیراعظم عمران خان

مزید خبریں
مظفر آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان والا آدمی موت سے نہیں ڈرتا، ہم نے پائلٹ اس لئے واپس کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں، بھارت جو کشمیر میں کر رہا ہے اس کا ردعمل آئے گا، نریندر مودی یہ یاد رکھو کہ اگر تم نے پھر ایسا سوچا تو اینٹ کا جواب پتھر سے آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دین اسلام کا مطلب امن ہے، ہم امن پسند قوم ہیں لیکن جب لوگ یہ ظلم دیکھتے ہیں تو انتہاءاور انتشار کی طرف جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارتی سیکورٹی فورسز کے ظلم کے شکار ایک 20 سالہ نوجوان نے پلوامہ میں اپنے آپ سے بم باندھ کر فوجی قافلے پر حملہ کیا اور اپنے آپ کو اڑا دیا تو وہ دنیا کو یہ بتانا چاہتا تھا کہ بھارت نوجوانوں پر ظلم کر رہا ہے، اس کی وجہ سے وہ اپنی جان پر کھیل گیا، جب اس نے حملہ کیا تو ذمہ دار ہمیں ٹھہرایا گیا۔ بالاکوٹ میں بمباری کے بعد آپ سب جانتے ہیں کہ کیا ہوا، ہندوستان کا جہاز گرا دیا جس پر ہم اپنی فوج اور ایئر فورس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کا پائلٹ واپس کر دیا کیونکہ ہم ہندوستان کو پیغام دینا چاہتے تھے کہ ہم جنگ نہیں مذاکرات سے اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لیکن نریندر مودی نے اپنے لوگوں سے کہا کہ پاکستان ڈر گیا اور ڈر کر پائلٹ واپس کر دیا۔ نریندر مودی کان کھول کر سن لو، ایمان والا آدمی موت سے نہیں ڈرتا۔ ہم نے پائلٹ اس لئے واپس کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اب میں پاکستانی قوم اور دنیا کے سامنے کہنا چاہ رہا ہوں کہ بھارت جو کشمیر میں کر رہا ہے اس کا ردعمل آئے گا۔ ہمیں معلوم ہے کہ اب انہوں نے کشمیر کے مسئلہ سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان سے دہشت گردی کا کوئی ڈھونگ رچانا ہے مگر نریندر مودی یہ بھی سن لے اور یاد رکھے کہ اگر تم نے پھر ایسا سوچا تو اینٹ کا جواب پتھر سے آئے گا۔ ایک مرتبہ جنگ ہو گئی تو آخری دم تک تمہارا مقابلہ کریں گے۔








