
اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی)پاکستان اور ناروے نے دوطرفہ تجارت اور کاروبار کو وسعت دینے کیلئے ،توانائی،اقتصادی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف سیکٹرز میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔جمعرات کو یہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ناروے کے وزیر خارجہ بورج برینڈے کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ناروے نے عوام کے بہترین مفاد میں توانائی،اقتصادی،تجارتی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ پچاس ہزار سے زائد پاکستانی ناروے میں مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔دونوں ملکوں کے مابین خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بورج برینڈے کیساتھ بات چیت کے دوران علاقائی معاملات بالخصوص افغانستان،بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاکستان کی نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارت کو کشمیر پر بات چیت کی پیشکش سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کہا ہے کہ وہ کشمیر پر بات چیت کی پیشکش پر غور کر رہا ہے۔بھارتی جواب ملنے کے بعد اس پر تبصرہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناروے کی دس بڑی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے جن میں ٹیلی نار سب سے بڑی سرمایہ کار کمپنی ہے۔