بریڈ فورڈ۔ 15 ستمبر (اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے امریکہ کے ایوان بالا کے ارکان کی طرف سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام خط اور ان سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے سنگین انسانی بحران کو ختم کرنے کی درخواست کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں یورپی پارلیمنٹ کے سابق رکن امجد محمود بشیر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر کی حکومت اور ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی طرف سے وہ امریکی سینٹ کے ارکان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہو ں صدر ٹرمپ کے نام اپنے خط میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے آئین کی دفعہ 370ختم کرنے ، متنازعہ ریاست میں ہزاروں تازہ دم فوجی بھیجنے، کرفیو نافذ کرنے اور ذرائع مواصلات وابلاغ پر پابندیاں عائد کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔ صدر آزادکشمیر نے امریکی ایوان بالا کے ارکان کی طرف سے بھارتی حکومت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں موجودہ انسانی بحران ختم کرنے، کرفیو کو فی الفور اٹھانے، مواصلات اور انٹرنیٹ کے نظام کو بحال کرنے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کے حوالے سے پیش کی گئی سفارشات کی تائید و توثیق کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکے بحران کے حل کے لئے ان سفارشات کو انتہائی اہم اور بروقت قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا تقاضا ہے کہ بین الاقوامی برادری مزید وقت ضائع کئے بغیر فوری اقدامات اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ تقریب میں کشمیر سالڈیریٹی کمپین کے رہنمائوں اور سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ امجدبشیر، یارک شائربزنس کمیونٹی کے چیئرمین حاجی مشتاق حسین کے علاوہ برطانوی پارلیمنٹ کے رکن اور شیڈو جسٹس منسٹر بیرسٹر عمران حسین، بین الاقوامی ترقی کی شیڈووزیر جوڈتھ کمینز، ممبر پارلیمنٹ جان گروگن اور رکن پارلیمنٹ ناز شاہ بھی موجود تھی۔