قرض کی دلدل میں دھنسے ہوئے ملک کے سابق حکمرانوں کی شاہ خرچیاں قوم سے ڈھکی چھپی نہیں ، سیف اللہ نیازی

83

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے کہاہے کہ قرض کی دلدل میں دھنسے ہوئے ملک کے سابق حکمرانوں کی شاہ خرچیاں قوم سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ،ماضی کے حکمرانوں کے برعکس وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پرمحض 67 ہزار 1 سو 80 ڈالرز کے اخراجات آئے، زرداری و نواز حکومتیں مسلسل قوم کی پشت پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتی رہیں، دونوں جماعتوں کی قیادت ٹیکس گزاروں کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر لٹاتی رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ کس نے پاکستان کو مقروض بنایا اور کس نے ٹیکس کے پیسوں پر کتنی عیاشی کی یہ بات اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ زرداری 2009 میں واشنگٹن گئے تو 7 لاکھ 52 ہزار 6 سو 68 ڈالرز کا خرچہ آیا،نواز شریف نے 2013 میں واشنگٹن کا قصد کیا تو 5 لاکھ 49 ہزار 8 سو 53 ڈالرز خرچ ہوئے،عمران خان 2019 میں بطور وزیر اعظم واشنگٹن گئے تو محض 67 ہزار 1 سو 80 ڈالرز میں دورہ مکمل ہوگیا، اسی طرح نیویارک کے سرکاری دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی واضح فرق دکھائی دیتا ہے، زرداری صاحب 2012 میں نیویارک یاترہ کیلئے گئے تو غریب قوم کے 13 لاکھ 96 ہزار 2 سو 1 ڈالرز خرچ کرآئے، نواز کو 2016 میں نیویارک جانا ہوا تو مقروض قوم کو11 لاکھ 13 ہزار 1 سو 42 ڈالرز کے خطیر اخراجات کا بوجھ برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ کے نام نہاد درویش وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 2017 میں گئے اور 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کرآئے۔ وزیر اعظم عمران خان چند دنوں میں نیویارک تشریف لے جائیں گے تو اندازاً صرف 1 لاکھ 62 ہزار 5 سو 78 ڈالرز کے اخراجات اٹھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ زرداری و نواز حکومتیں مسلسل قوم کی پشت پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتی رہیں، دوسری جانب دونوں جماعتوں کی قیادت ٹیکس گزاروں کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر لٹاتی رہی۔