وزیر اعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کے مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد آزور کی وزیر اعظم آفس میں ملاقات

164

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان سے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد آزور نے منگل کو وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، گورنر اسٹیٹ بینک، اور سیکرٹری خزانہ بھی موجود تھے۔ آئی ایم ایف کا مشن حکومت پاکستان کی جانب سے پالیسی، مالی اور کرنٹ اکاو¿نٹ ایڈجسٹمنٹ میں کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے آیا ہوا ہے، انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بے حد سراہا اور توثیق کی۔ انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ یہ عمل درآمد کا تیسرا مہینہ ہے اور ٹیکس کی بنیاد میں توسیع اور محصولات میں اضافے میں بہتری دکھائی رہی ہے۔ وزیر اعظم نے ٹیم کے اعتراف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے اور تمام مطلوبہ اہداف کو حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام استحکام اور اصلاحی اقدامات کے ساتھ معیشت کو دوبارہ ترقی کی پٹڑی پر ڈالنے میں حکومت کی کاوشوں میں کارگر ثابت ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کو تعمیر نو کی ضرورت ہے اور موجودہ حکومت نے پورے جوش و جذبے کے ساتھ یہ کام شروع کیا ہے۔ آئی ایم ایف کا توسیعی فنڈ پروگرام درست سمت میں سہارا کا کردار ادا کرے گا۔ آئی ایم ایف مشن نے وزیر اعظم کی طرف سے معیشت کی تنظیم نو میں اظہار دلچسپی کو بے حد سراہا۔ آئی ایم ایف کی مشن نے بھی وزیر اعظم کی قیادت کے جوش و ولولہ کی تعریف کی جس کی وجہ سے اتنی تیز رفتاری سے مثبت پیش رفت ممکن ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی وابستگی نے آئی ایم ایف کی ٹیم کے اعتماد کو بحال کیا ہے۔وزیر اعظم نے ٹیم کو بتایا کہ حکومت ملک کے معاشی حالات میں تبدیلی لانے کے لئے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لئے وہ حکومت کی معاشی ٹیم کے ساتھ ہر ہفتے باقاعدگی سے میٹنگ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کو پٹڑی پر لانے کے لئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مطلوبہ تبدیلیاں اور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔