اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل اور بات چیت کرانے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیرسمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کئے جاسکتے ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا وزیراعظم نوازشریف کے نام خط

135

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے علاقائی امن و استحکام اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے اور بات چیت کی غرض سے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، دونوں ملکوں کے مابین کشمیرسمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کئے جاسکتے ہیں، علاقائی امن اوراستحکام کیلئے مسئلہ کشمیرکاحل ناگزیر ہے۔جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیراعظم نوازشریف کے خط کے جواب میں کہی جس میں اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری ظلم وستم کی طرف دلائی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کو دیرینہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرناچاہیے۔سیکرٹری جنرل نے کہاکہ اقوام متحدہ اس سلسلے میں فریقین کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیارہے۔بان کی مون نے کہاکہ مذاکرات بھارت اورپاکستان کے درمیان جموں وکشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کاواحدذریعہ ہیں۔