زندہ اور باشعور قومیں اپنے ثقافتی و روایاتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں، قائمقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا عالمی پشتون کلچر ڈے کی مناسبت سے پیغام

359

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) قائمقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ہمارا ملک اورصوبہ بلوچستان مختلف اقوام، قبیلوں اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں کا گلدستہ ہے، ملک و صوبے کی منفرد ثقافت، روایات اور تہذیب و تمدن یہاں بسنے والے لوگوں کی پہچان ہے۔ عالمی پشتون کلچر ڈے کی مناسبت سے انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنے ثقافتی و روایاتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں اور اس دن کو منانے کا مقصد ان تمام روایات، ثقافت،اور منفرد طرز زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے اور اسے ہمیشہ زندہ رکھنے کی کوشش ہے۔ قائمقام اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صوبے کی ادبی تاریخ میں پشتون شعراء ، ادیب اور مصنفین نے صوبے کی تہذیبی، ثقافتی، تاریخی اور روایتی ترجمانی احسن انداز سے کی ہے اور ہمشہ رواداری، برداشت، تحمل مزاجی اور میانہ روی پر عمل کرتے ہوئے بھائی چارے کو فروغ دیا ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ آج کا یہ دن ہمیں ان تمام مثبت اصولوں پر پوری طرح سے عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے اور تخریبی سوچ کی نفی کرتے ہوئے ایک تعمیری معاشرے کی تشکیل کی جانب راغب کرتا ہے۔