پنجاب میں مرغیوں کی رعایتی قیمت پر تقسیم کا آغاز ، لاہور میں رواں سال اور آئندہ برس 1800 سے 2700 پولٹری یونٹس مرحلہ وار تقسیم کئے جائیں گے،ڈاکٹر عبدالرحمن

251

لاہور۔23 ستمبر(اے پی پی )وزیر اعظم پاکستان کے زرعی خوشحال منصوبہ کے تحت محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب صوبہ بھر میں گھریلو مرغبانی کے فروغ کیلئے مرغیوں کی رعایتی قیمت پر تقسیم کا آغاز آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔ڈائریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمن نے پیر کے روز ”اے پی پی ” سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس سال اکتوبر اور اگلے برس اپریل اور جون میں تقریبا 1800سے 2700 پولٹری یونٹس مرحلہ وار تقسیم کئے جائیں گے۔اسی طرح پنجاب بھر میں سالانہ 5لاکھ اور اگلے 4سال میں 20لاکھ پرندوں کی تقسیم یقینی بنائے جائیگی۔ پولٹری یونٹس کی مر حلہ وار تقسیم کیلئے مجوزہ درخواست فارم صوبہ بھر میں تحصیل کی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک کے دفاتر سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ایک درخواست گزار ایک ہی پولٹری یونٹ لینے کا حقدار ہو گا۔ مطلوبہ پولٹری یونٹس کیلئے درخواست فارم ہمراہ شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی موبائل فون نمبر و مکمل پتہ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک کے دفاتر میں جمع کروائیں ۔ پرندوں کی تقسیم سے ایک ہفتہ قبل نئی درخواستیں موصول نہیں کی جائیں گی۔ درخواست وصول کندہ اپنا سرکاری نمبر دستخط اور مہر لگانے کے بعد مجوزہ رسید درخواست گزار کو دینے کا پابند ہوگا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک وصول کردہ تمام درخواستوں کی فہرست مرتب کریگا۔ جو پرندوں کی تقسیم ایک ہفتہ قبل ضلع و تحصیل کی سطح پر محکمہ لائیو سٹاک کے دفاتر میں عوامی معلومات کیلئے آویزاں کردی جائیگی۔کوئی بھی درخواست گزار جس کے پاس درخواست وصول کی رسید موجود ہو اپنا نام فہرست میں شامل نہ ہونے پر فہرست کی درستگی کیلئے تحصیل کی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹرز یا ضلع کی سطح پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز لائیو سٹاک سے رابطہ کر سکے گا۔