پانچویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ کا دوسرا روز، پاکستان نیوی نے 35، سندھ حکومت نے تین، پی اے ایف اور واپڈا نے 5,5 میڈلز حاصل کیے

97

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) پانچویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستان نیوی نے 35، سندھ حکومت نے تین، پی اے ایف اور واپڈا نے 5,5 میڈلز حاصل کیے ہیں ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پانچویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز گذشتہ روز ہوا تھا ،منگل کو دوسرے روز کے مقابلوں میں پاک بحریہ نے مجموعی طور پر 35میڈلز حاصل کیے جن میں 13گولڈ ،11سلور اور11براﺅن شامل ہیں جبکہ سندھ کی ٹمی نے دو گولڈ اور ایک سلور میڈل ،پاکستان ائیر فورس نے ایک گولڈ ،تین سلور اور ایک براﺅن میڈل اور واپڈا نے ایک سلور اور 4براﺅن میڈلز حاصل کیے ہیں ۔ سی این ایس اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ 29 ستمبر تک پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کراچی میں جاری رہے گی۔ چیمپئن شپ میں پاک بحریہ، ایئر فورس، سندھ، پنجاب، بلوچستان، کے پی کے، ایچ ای سی، واپڈا، ایف آر اے اور اے ایس ایف کی ٹیمیں حصّہ لیں گی۔ چیمپئن شپ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کی زیرِ نگرانی منعقد کی جا رہی ہے۔ چیمپئن شپ میں مرد، خواتین اور نوجوانوں پر مشتمل کیٹگریز میں 400 سے زائد شوٹرز حصّہ لے رہے ہیں۔