اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماﺅں نے اسلامی تعاون تنظیم کے اس سال کے آغازپر مکہ میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا اور کئی دیگر شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلہ جات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یہ بات وزیراعظم میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔ وزیراعظم نے تنازعہ کشمیر کے دیرپا اور منصفانہ حل کیلئے عالمی برادری کے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر اعظم عمران خان نے 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں صدر السیسی کو آگاہ کیا۔ اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر 50 دنوں سے عائد پابندیوں اور کرفیو اٹھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ دونوں رہنماﺅں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس ضمن میں وزیراعظم نے امن و سلامتی کے مفاد میں مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔