چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

46

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مسلم امہ کا امن، اتحاد اور ترقی کےلئے اکٹھا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل حل کئے جائیں اور ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر مقامی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل آپس کے اتحاد و یگانگت میں ہے اور ہمیں اس کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور آج کا یہ دن ہمیں دوستی اور تعاون کے رشتوں کی تجدید کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے تاریخی رشتوں اور تعلقات کو مشترکہ ترقی کے لیے تجارتی، دفاعی اور دیگر اہم شعبوں میں وسعت دیں۔