اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری وزارت داخلہ حاجی شوکت علی نے جمعرات کو چیئرمین نادرا سے ملاقات کی جس میں نادرا سے متعلق عوامی شکایات خصوصاً بلاک شناختی کارڈ کے مسائل کے حل کی ہدایات دیں۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ کے پارلیمانی سیکرٹری حاجی شوکت علی نے اپنے دفتر میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کے چیئرمین عثمان مبین سے ملاقات کی اور ان سے نادرا کے متعلق عوامی مسائل کے حل کی طرف فوری توجہ دینے کی ہدایت کیں۔ انہوں نے نادرا چیئرمین اور دیگر ذمہ داران کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ اور دیگر سول دستاویزات کے حوالے سے عوامی مسائل کے حل کی طرف فوری توجہ دی جائے اور بلاک شناختی کارڈ کے معاملے کو فوراً حل کیا جائے۔ اس موقع پر ان کو وزارت داخلہ کے افسران نے مختلف امور پر مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے افسران کو وزارت داخلہ کے پارلیمانی امور سے متعلق معاملات کو کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات کی۔ علاوہ ازیںاس دوران وفاقی پارلیمانی سیکرٹری داخلہ نے اپنے دفتر میں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیںاور عوامی مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات بھی صادر کئے۔