ٹوکیو ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) آئرلینڈ کی ٹیم نے رگبی ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں روس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ہرا دیا۔ یہ آئرلینڈ کی اپنے پول اے میں دوسری فتح ہے ۔ اس کامیابی کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم نے اپنے پول اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ جمعرات کو جاپان میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے 22 ویں میچ میں آئرلینڈ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف روسی ٹیم کو بالکل آﺅٹ کلاس کر دیا اور یکطرفہ مقابلے کے بعد 0 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے ہرا دیا۔ یہ آئریش ٹیم کی میگا ایونٹ میں دوسری کامیابی ہے اور وہ اس کامیابی کے بعد پول اے میں 11 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم اپنا چوتھا اور آخری پول میچ 12 اکتوبر کو ساموا کے خلاف کھیلے گی۔