امریکی سینیٹر کرس وان ہولین کی پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کے ہمراہ حضرت غوث بہاوالدین ذکریا ملتانی کے مزار پر حاضری

89

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) امریکی سینیٹر کرس وان ہولین نے پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کے ہمراہ، ملتان میں برصغیر پاک و ہند کے معروف روحانی بزرگ حضرت غوث بہاو¿الدین ذکریا ملتانی کے مزار اقدس پر حاضری دی۔ امریکی سینٹر کرس وان بولین نے امریکی سفیر پال جونز کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی المناک صورتحال اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے لگائے گئے مسلسل کرفیو کو دو ماہ گزر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ انسانوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور مسلسل کرفیو کی وجہ سے زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک رسائی ممکن نہیں ہو پا رہی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ گذشتہ روز بھی بھارت کی قابض فوج نے شہریوں کو نماز جمعہ تک ادا نہیں کرنے دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ شدید پابندیوں اور قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود، بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس فارن ریلیشنز کمیٹی کیطرف سے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کے مطالبے کا سامنے آنا خوش آئند ہے۔