لاہور۔6 اکتوبر(اے پی پی )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہے ہیں‘ آزاد کشمیر مارچ کے شرکاءسے اپیل ہے کہ وہ پرامن رہیں‘ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اصلاحات لا رہے ہیں جس سے اس شعبے میں انقلاب آئے گا، مولانا فضل الرحمن کا نواز شریف اور آصف زرداری کی شطرنج کے کھیل میں صرف پیادے کا کردار ہے‘ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مولانا فضل الرحمن کو استعمال کر رہی ہے‘نیب کے قانون سے روگردانی نہیں ہو سکتی‘ ن لیگ اور پیپلز پارٹی پلی بارگیننگ کے ذریعے پیسے دیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے نئے انتخابات کے مطالبے پر وفاقی وزیر نے کہا کہ مولاناکا نئے الیکشن سے کیا تعلق ‘ ان کی جماعت صرف 60 سیٹوں سے زائد الیکشن میں حصہ نہیں لیتی‘ ان کا نئے الیکشن کا مطالبہ بلا جواز ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن والے صرف اپنی قیادت کی رہائی چاہتے ہیں، دونوں جماعتوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔