اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چھاتی کے سرطان سے متعلق عوامی سطح پر آگاہی پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے علمائے کرام اور آئمہ کرام پر زور دیا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی سماجی ذمہ داری پوری کریں، ملک میں ایک کروڑ سے زائد خواتین کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہے، بچے کو ماں کا دودھ پلانے سے چھاتی کے سرطان کا امکان کم ہو جاتا ہے، آبادی کی شرح میں تیزی سے اضافہ بھی پاکستان جیسے ممالک کے لئے مسئلہ بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر میں چھاتی کے سرطان سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سرطان کے مرض سے متعلق آگاہی سے بخوبی واقف ہیں، انہوں نے شوکت خانم ہسپتال بنانے کے لئے بھرپور جدوجہد کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں بھی خواتین اور بچوں کے لئے خوراک کی کمی کے مسئلے کو اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک میں آبادی میں اضافہ بڑا مسئلہ ہے، پاکستان میں آبادی کے اضافہ کے حوالے سے بات نہیں کی جاتی حالانکہ اس حوالے سے بھی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔