وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا آزادکشمیر یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب

82

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے میں پاکستان اور بھارت میں بنیادی فرق ہے، بھارتی فوج ایک قابض کے طور پر آئی وہ جارح اور کشمیریوں کی قاتل فوج ہے، پاکستانی فوج یہاں حکومت آزادکشمیر کی دعوت پر ہماری حفاظت کے لیے آئی، پاکستانی دنیا کی وہ واحد قوم ہیں جو دل و جان سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان نے کبھی کشمیر کو زمینی تنازعہ نہیں سمجھا ہمیشہ کشمیریوں کے حقوق کی بات کی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو آزادکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستانی دنیا کی وہ واحد قوم ہیں جو دل و جان سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان نے کبھی کشمیر کو زمینی تنازعہ نہیں سمجھا ہمیشہ کشمیریوں کے حقوق کی بات کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ وقت فکری انتشار کا نہیں ہمیں صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق راے شماری کا مطالبہ کرنے کا ہے، کشمیری بزدل نہیں ہمیشہ سینے پر گولی کھائی مگر غاصب کا قبضہ قبول نہیں کیا، شملہ معاہدہ ایک مخصوص حالات میں ہوا تھا اب اس کی کوئی حیثیت نہیں۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادی کے لیے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جو قربانیاں دیں دنیا اس کی مثال دینے سے قاصر ہے، لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں نے بہت مشکل حالات دیکھے لیکن وہ ڈٹے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے طلبا کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔