حکومت نے گوادر پورٹ کے حوالے سے چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کو 23 سال کے لیے ٹیکس چھوٹ کی منظوری دیدی

92

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) حکومت نے گوادر پورٹ کے حوالے سے چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کو 23 سال کے لیے ٹیکس چھوٹ کی منظوری دیدی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے وفاقی وزیر ریونیو حماد ا ظہراور چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او زانگ باﺅ ژونگ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔ علی زیدی نے بتایا کہ7 سال قبل پورٹ سنگا پور اتھارٹی سے گوادر پورٹ کے معاملا ت چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کو منتقل ہوئے لیکن گزشتہ حکومتوں نے اس حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے مگر پی ٹی آئی حکومت کے ایک سال میں اس پر پیشرفت ہوئی اور اب چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کو 23 سال کے لیے ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری دیدی گئی ہے، اب فری زون میں جو انڈسٹری لگے گی اسے ٹیکس چھوٹ ملے گی، یہاں پر مینوفیکچرنگ ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 2282 ایکڑ پر گوادر پورٹ ہے یہاں پر جب مینوفیکچرنگ ہوگی تو معشیت کو سہارا ملے گا۔ گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس کی تعمیر سے ماہی گیروں کو کچھ تحفظات تھے مگر پچھلے 6 ماہ کی کوششوں سے اسے ایکسپریس پر تین پلوں کی تعمیر کی منظوری مل گئی ہے، اب اس علاقہ کے ماہی گیر بھی خوش ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ دسمبر 2020ءتک ایسٹ بے ایکسپریس وے کو کوسٹل ہائی وے سے ملا دیاجائے گا جس کے بعد گوادر پورٹ مکمل فنکشنل ہوجائے گی۔