لاہور۔8 اکتوبر(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی اورمظلوم کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ کشمیر کا سفیر بن کر موثر انداز میں لڑا ہے۔ مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تمام حدیں عبورکرلی ہیں ۔عالمی برادری کو ظالم کا ہاتھ روکنے کےلئے عملی اقدامات کرنا ہوںگے اوردنیا کوکشمیر کو زمین کا خطہ نہیں بلکہ انسانی مسئلہ سمجھ کر اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔