وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین اور چینی قیادت سے ملاقاتوں کی چینی میڈیا میں نمایاں کوریج

102

بیجنگ ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین اور چین کے صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ اور چین کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ان کی ملاقاتوں کو چین کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے نمایاں کوریج دی۔ وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی چن پنگ سے سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس اور چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ سے عظیم عوامی ہال میں ہونے والی ملاقاتوں کو گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک انگریزی زبان کے نیوز چینل ، سی سی ٹی وی ، چینی زبان کے ٹیلی ویژن چینلز کے علاوہ چین کے پیپلز ڈیلی، چائنہ ڈیلی، گلوبل ٹائمز اور چائنہ اکنامک نیٹ جیسے ممتاز اخبارات نے نمایاں کوریج دی اور ان ملاقاتوں کو شہ سرخیوں میں جگہ دی۔ بیجنگ میں موجود بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور میڈیا نے بھی وزیراعظم عمران خان کے عظیم عوامی ہال میں شاندار استقبال اور چین کے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ ان کی ملاقاتوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کے حوالے سے بڑی بڑی خبریں شائع کیں۔ وزیراعظم نے چین کے اپنے تیسرے دورے کے دوران نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین لی ژنگ شو سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے چین کی کئی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی اور بیجنگ میں پاکستان اور چین کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے فورم سے بھی خطاب کیا۔ مختلف ٹی وی چینلز پر وزیراعظم کے دورے کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں چینی دانشوروں اور تجزیہ کاروں نے اپنے تجزیئے پیش کئے اور اخبارات میں بھی اس حوالے سے آرٹیکلز شائع ہوئے۔