معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا بی آئی ایس پی، بینک الفلاح اور حبیب بینک کے مابین معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب

120

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کو گڈ گورننس کا ماڈل بنانے کیلئے متعدد پالیسی اقدامات کئے جارہے ہیں، بی آئی ایس پی مسابقتی اور شفاف عمل کے تحت تشکیل دیئے جانے والے بائیومیٹرک تصدیق پر مبنی ادائیگی کا نظام ایک عظیم قدم ہے جو گڈ گورننس، شفافیت اور مستحقین میں رقوم کی تقسیم کی کارکردگی کو یقینی بنائے گا، شفاف اور مسابقتی بڈنگ عمل کے تحت نئے مالیاتی اداروں کی بھرتیاں بہتر خدمات کی فراہمی اور دھوکہ دہی کی روک تھام کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آئی ایس پی، بینک الفلاح اور حبیب بینک کے مابین معاہدے پر دستخط کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایچ بی ایل اور بی اے ایف ایل نے آج بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں منعقد تقریب کے دوران معاہدوں پر دستخط کئے ۔ تقریب میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے علاوہ سیکرٹری بی آئی ایس پی جناب علی رضا بھٹہ، صدر ایچ بی ایل، گروپ ہیڈ ڈیجیٹل بینکنگ بی اے ایف ایل اور بی آئی ایس پی بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ادائیگی کا نیا نظام حکومت کے پرچم بردار احساس پروگرام کے تحت وزیر اعظم کے غریب خواتین کی ”ون وومن ون اکاﺅنٹ“ کے ذریعے مالی نظام میں شمولیت کے وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔یہ نظام کفالت پروگرام کے تحت مستحقین کیلئے برانچ لیس بینکنگ ریٹیلرز، اے ٹی ایم، بائیومیٹرک بینک کی شاخوں پر بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے رقم وصول کرنے کے مواقعوں میں اضافہ کرے گا۔