اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ بچوں اور ماﺅں کی ذہنی اور جسمانی صحت میں مثبت تبدیلی پیدا کر کے اچھے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں، ہم آنے والی نسلوں کو تندرست اور صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے آج پریذیڈنٹ پروگرام آن مینٹل ہیلتھ لانچ کیا ہے یہ پروگرام ماﺅں اور بچوں میں مثبت سوچ اور ذہنی صحت کو بہتر کرے گا اور ابتدائی سطح پر ایسے اقدام کرنے کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلیں ذہنی طور پر صحت مند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس حوالے سے لوکل سطح پر ہونے والی ریسرچ کے نتائج کو اپنی پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس کے ثابت شدہ نتائج کو ہم پریذیڈنٹ پروگرام کو تشکیل دینے کے لیے استعمال کر یں گے اور اس کا نفاذ حکومت پاکستان اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مرحلہ وار کرے گی۔ انہوں نے کہا ہم نے اپنی آئندہ نسلوں کو ذہنی صحت کے ایسے مسائل سے بچانا ہے جس سے آج ہمارا معاشرہ متاثر ہو رہا ہے۔ ڈیپریشن، نشے کا استعمال جیسے کئی ذہنی عارضے ہیں جس میں وہ مبتلا ہو جاتے ہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ بچے کی ابتدائی عمر میں ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے ان کی ذہنی صحت کی نشو و نما ہو اور وہ پھلیں پھولیں۔