وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی سے گفتگو

74

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف اقدامات کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، مولانا فضل الرحمان مدارس کے بچوںکے ذہنوں کو اپاہج بنا کر انہیں اپنی سیاسی برتری کا ایندھن بنانے کی کوشش کررہے ہیں، 27 اکتوبر کو کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں اور پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کا اظہار کرے گی، مولانا فضل الرحمان کے پاس ملک کے استحکام ، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور معیشت کی بہتری کے لئے کوئی تجاویز ہیں تو ہمیں بتائیں، حکومت ان پر عمل کرکے عوام کی زندگی میں بہتری لاسکتی ہے۔ نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کے پاس مثبت تجاویز ہیں تو حکومت کو بتائیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جے یو آئی سے مذاکرات کی ذمہ داری پرویز خٹک کو دی گئی ہے، سیاسی جماعتوں کی جانب سے حکومت کو گھر بھیجنے کے ارمان دیوانوں کی بھڑکیں تو ہوسکتی ہیں یہ حقیقت کا روپ نہیں دھار سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف اقدامات کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، اس عمل کو آگے بڑھنا چاہیے اور اسے سبو تاژ کرنے کی کوششوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا اور اس کے لئے عملی اقدامات کرنا ہے۔ مولانا مدارس کے بچوںکے ذہنوں کو اپاہج بنا کر انہیں اپنی سیاسی برتری کا ایندھن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس معاملے پر حکومت خاموش نہیں بیٹھے گی، حکومت اس حوالے سے اپنی حکمت عملی صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ترتیب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں اور پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کا اظہار کرے گی اور مولانا اس عزم کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں جو حکومت کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہر ی کا آئینی اور جمہوری حق ہے اور حکومت اس حق کو تسلیم کرتی ہے تاہم احتجاج سے سکول اور ہسپتال بند ہونے سے نقصان کس کا ہوگا۔