وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

148

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی تقریر سے کروڑوں محب وطن پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے لندن سے ڈکٹیشن نہ لینے کا بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے درست سمت کی طرف قدم اٹھایا ہے، اگرچہ اس کو مزید واضح ہونا چاہیے، عسکری ونگ سے بھی علیحدگی اختیار کرنا ہوگی، وہ جماعت جس کی پارلیمنٹ میں نمائندگی موجود ہے اور اپنا ووٹ بنک بھی ہے اگر اپنے آپ کو عسکری ونگ سے علیحدہ کرنے پر آمادہ ہے اور اس قیادت سے بھی دوری اختیار کر رہی ہے جس نے عسکریت پسندی کی سیاست کو پروان چڑھایا اور عسکری ونگ بنائے ، وہ پارلیمانی اور کراچی کے عوام کی ترقی کی سیاست کرنا چاہتے ہیں تو تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کو انکی مدد کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے کراچی جانے کا مقصد یہ تھا کہ ایم کیو ایم نے احتجاج کا جو راستہ اختیار کیا ہے اس کو ختم کرایا جائے، وہ جو بات چوراہے پر بیٹھ کر کر رہے ہیں وہ بات وزیراعظم کے سامنے آ کر پیش کریں، ان کی وزیراعظم سے ملاقات کا اہتمام کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سب کے وزیراعظم ہیں، اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو اس کے ازالے اور سدباب کیلئے اقدامات کریںگے، میں یہی پیشکش لیکر گیا تھا۔ ایم کیو ایم رہنماﺅں نے بڑے مثبت انداز میں میری بات کو سنا، طے ہوا کہ ایم کیو ایم کا وفد جمعرات کو وزیراعظم سے ملاقات کیلئے اسلام آباد آئیگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملاقات کے دوران ایم کیو ایم رہنماﺅں نے مجھے کہا کہ آپ ہمارے ساتھ بھوک ہڑتالی کیمپ پر چلیں، میں نے انہیں کہا کہ میں بھوک ہڑتالی کیمپ پر ضرور جانا چاہوں گا بشرطیکہ میرے جانے کے بعد کارکن اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دینگے۔