عالمی برادری فوجی لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے لئے فوری اقدام اٹھائے، پاکستانی مندوب قاسم عزیز

نیویارک ۔ 24اکتوبر (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تین ماہ سے جاری کرفیو کے باعث کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق سے یکسر محروم کر دیئے گئے ہیں ، اس لئے عالمی برادری فوجی لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے لئے فوری اقدام اٹھائے ۔ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب قاسم عزیز نے کہا کہ …

نیویارک ۔ 24اکتوبر (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تین ماہ سے جاری کرفیو کے باعث کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق سے یکسر محروم کر دیئے گئے ہیں ، اس لئے عالمی برادری فوجی لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے لئے فوری اقدام اٹھائے ۔ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب قاسم عزیز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال عالمی برادری کے ضمیر پر ایک دھبہ اور فوری اقدام کی متقاضی ہے ۔ معاشرتی، سماجی اور ثقافتی امور بارے کمیٹی میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کی بنیادی آزادیاں سلب کر لی گئی ہیں اور وہ اس وقت غربت ، تشدد ، بیرونی قبضے جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں ۔ مقبوضہ وادی میں غذائی بحران اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز جذبات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں طویل لاک ڈاؤن کر کے بھارت اقوام متحدہ کے منشور اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے ۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ ان معروضی حقائق کی روشنی میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پردہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کہیں تو ایسی صورتحال کو نمایاں طور پر پیش کیا اور سنجیدہ لیا جاتا ہے جبکہ دوسری جگہ ایسی ہی صورتحال کو نظر انداز کیا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کو علاقائی تنازعات ، غیر ملکی قبضے کی صورتحال اور حق خودارادیت کے معاملات پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے کردار کو سمجھتا اور اس کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر مل کر کام کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں تاہم اس کے لئے ضروری ہو گا کہ مقصدیت ، آزادی و غیرجانبداری ، شفافیت سے کام لیا جائے اور کوئی سیاسی مداخلت قبول نہ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قومی و بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے پر عزم ہے کیونکہ ہمارا آئین بنیادی حقوق اور انسانی آزادیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ ہمارا میڈیا اور سول سوسائٹی بھی حکومتی پالیسیوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ ہماری آزاد عدلیہ نے تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر اس امرکا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان زندگی کے تمام شعبوں میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے نصب العین پر پوری طرح کاربندہے۔