مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اشیائے خوراک کی بر آمدات میں 13 فیصد اضافہ، درآمدات میں 24 فیصد کمی

66
Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اشیائے خوراک کی بر آمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 13.98 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے ستمبر تک پاکستان نے اشیائے خوراک کی برآمدات سے 984.757 ملین ڈالر کازرمبادلہ کمایا جوگزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 13.98 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے ملک کو 864.005 ملین ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ پہلی سہ ماہی میں ماہانہ بنیادوں پرستمبرکے مہینہ میں اشیائے خوراک کی برآمدات میں اضافہ کی شرح 12.90 فیصد رہی۔ستمبر میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے پاکستان کو333.014 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ ستمبر میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے پاکستان کو294.96 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔برآمدات کی نسبت پہلی سہ ماہی میں اشیائے خوراک کی درآمدات میں 24.78 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی سے ستمبر تک پاکستان نے اشیائے خوراک کی درآمدات پر 1.09 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اشیائے خوراک کی درآمدات پر 1.45 ملین ڈالر کازمبادلہ صرف ہواتھا۔