ننکانہ صاحب ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیر ا عظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ بیشک سب اکٹھے ہو کر مارچ سمیت کچھ بھی کر لیں جب تک زندہ ہوں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، مدینہ کی ریاست اس لئے کامیاب ریاست تصور ہوتی ہے کیونکہ وہاں قانون کی حکمرانی تھی، طبقاتی نظام اور مراعات یافتہ طبقات کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ …
سب اکٹھے ہو کر مارچ سمیت کچھ بھی کر لیں، جب تک زندہ ہوں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، وزیر اعظم عمران خان

مزید خبریں
ننکانہ صاحب ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیر ا عظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ بیشک سب اکٹھے ہو کر مارچ سمیت کچھ بھی کر لیں جب تک زندہ ہوں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، مدینہ کی ریاست اس لئے کامیاب ریاست تصور ہوتی ہے کیونکہ وہاں قانون کی حکمرانی تھی، طبقاتی نظام اور مراعات یافتہ طبقات کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے، وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ ایک وقت آئے گا جب ملک کا سارا کرپٹ مافیا اکٹھا ہو جائے گا، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان برصغیر میں پہلے اور دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے، اپنے تمام وسائل تعلیم پر خرچ کریں گے کیونکہ علم کی بنیاد پر معیشت کو استوار کر نے سے ہی ملک ترقی کرے گا، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، بڑی بڑ ی درگاہوں کے ساتھ جتنی بھی اوقاف کی زمینیں ہیں ان پر یونیورسٹیاں بنائیں گے، ہم یہ پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ نواز شریف کی زندگی کی ضمانت دے سکتے ہیں میں تو کہتا ہوں کہ میں اپنی زندگی کی بھی ضمانت نہیں دے سکتا۔ ہم نے نوا زشریف کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقنی بنایا ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے آزادی مارچ کے حوالے سے کہاکہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے یہ پیش گوئی کی تھی کہ ایک وقت آئے گا جب ملک کا سارا کرپٹ طبقہ اکٹھا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی پر دستخط ہوئے جس کے نتیجہ میں ماضی کے حکمرانوں نے ملک کا قرضہ 6 ہزار ارب سے30 ہزار ارب تک پہنچا دیا۔ ہماری حکومت نے بر سر اقتدار آ کر اپنا آدھا ٹیکس ریونیو ان کے لئے گئے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے پر خرچ کیا۔ ان کو پتہ تھا کہ یہ ملک کو کنگال کر کے چھوڑ گئے ہیں۔ تجارتی اور کرنٹ اکائونٹ خسارے میں بے انتہا اضافہ ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غیر ملکی ادارے اور آئی ایم ایف سمیت آج سب کہہ رہے ہیں کہ پاکستان نے اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے ورلڈ بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کاروباری آسانیاں پیدا کی ہیں۔ اس حوالے سے برصغیر میں پاکستان پہلے اور دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ آزادی مارچ والوں کو موجودہ حکومت کے کامیاب ہوجانے کا خوف ہے۔ کیا وجہ ہے کہ یہ وزیر اعظم سے استعفیٰ لینے آ رہے ہیں۔ کسی جگہ یہ کہتے ہیں کہ یہ یہودی لابی ہے، کسی جگہ کہتے ہیں کہ یہودی قبضہ کرنے آ رہے ہیں اور کہیں یہ قادیانیوں کی بات کرتے ہیں اور کہیں مہنگائی کا زکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اٹھا کردیکھیں پی ٹی آئی کے پہلے سال میں سب سے کم مہنگائی ہوئی۔ مسئلہ صرف یہ ہے کہ ان سب کو پتہ ہے کہ انہوں نے کس طرح ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ان پر مقدمات ہمارے دور میں نہیں بنائے گئے۔ یہ اقامہ کی بات کرتے ہیں حالانکہ اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے۔ وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ نے بھی دوسرے ملک کا اقامہ حاصل کر رکھا تھا۔ اگر کسی کے پاس اقامہ ہو تو اس کی منی لانڈرنگ کا ریکارڈ اس لئے نہیں ملتا کیونکہ یہ پاکستان کے شہری نہیں سمجھے جاتے بلکہ یہ دوسرے ملک کے شہری سمجھے جاتے ۔ وزیر اعظم نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ بیشک سب اکٹھے ہو کر مارچ کریں اور جو کچھ بھی کر لیں جب تک میں زندہ ہوں ان کو این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دو این آر او دیئے گئے۔ ایک پرویز مشرف نے انہیں سعودی عرب بھجوایا اور دوسرا آصف علی زرداری کو دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شاہ خرچیوں کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی آئی اور ڈالر کی قدر بڑھی اور درآمدی اشیا مہنگی ہوئیں۔وزیر اعظم نے یونیورسٹی کے سنگ بنیاد پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر داخلہ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بابا گرو ناناک کے 550 ویں جنم دن پر عملی قدم اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی تاریخ میں تعلیم کے بغیر کسی معاشرنے ترقی نہیں کی۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ایک وقت تعلیم کے میدان میں پورے خطہ میںسب سے آگے تھے مگر پھر ہم نے تعلیم کو ترجیح نہیں دی اور اب ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کاقیام ایک بہت بڑا اقدام ہے۔ انشاء اللہ یہ ایسی یونیورسٹی ہو گی جس میں دنیا کے لوگ اور مقامی لوگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف کی جن زمینوں پر قبضہ ہوا ہے اور اس ضمن میں کرپشن ہو رہی ہے۔ بابا فرید کے مزار کے ساتھ زمین سمیت دیگر بزرگوں کے مزاروں کے ساتھ یونیورسٹیاں اور ہسپتال قائم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بابا فرید، بلھے شاہ، داتا صاحب اور میاں محمد بخش جیسے اولیا کرام نے انسانیت کی خدمت کی اور انسانوں کی محبت کا درس دیا۔ یہ اولیا کرام صدیوں پہلے دنیا سے پردہ کر گئے مگر لوگ آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں۔ عزت دینے والا صرف اللہ ہے اور اللہ سب سے زیادہ اسے عزت دیتا ہے جو انسانوں کی خدمت کرتا ہے








