اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور کیوبا کے نائب صدر روبرٹو موریلس اودیجا نے دوطرفہ سیاسی تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے انہیں اقتصادی و کاروباری شعبوں میں وسعت دے کر مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ کیوبا کے نائب صدر نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کیوبا نائب صدرروبرٹو موریلس اودیجا کی ملاقات
اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور کیوبا کے نائب صدر روبرٹو موریلس اودیجا نے دوطرفہ سیاسی تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے انہیں اقتصادی و کاروباری شعبوں میں وسعت دے کر مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ کیوبا کے نائب صدر نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوستی دہائیوں پر محیط ہے جو خود مختاری و سالمیت کے احترام، پرامن بقائے باہمی، مساوات اور باہمی فائدے جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔ انہوں نے 60 سال قبل انقلابی لیڈر چی گویرا کے دورہ پاکستان اور پاکستان۔کیوبا کے تعلقات کی توثیق کیلئے صدر فیڈل کاسترو کے خصوصی کردار کا بھی حوالہ دیا۔ صدر مملکت نے 2005ء کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے کیوبا کے میڈیکل مشن کی خدمات کے ساتھ ساتھ پاکستان کے میڈیکل کے طلباء کیلئے سکالرشپ پروگرام پر کیوبا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز پاکستان کے صحت کے شعبہ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کیوبا کے نائب صدر کو بھارت کی جانب سے 5 اگست کو خطہ کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے نتیجہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خطرناک صورتحال کے بارے میں آگاہی دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے بہترین دوطرفہ سیاسی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں اقتصادی اور کاروباری شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اس دوران فارماسیوٹیکلز اور صحت کی خدمات سمیت ترجیحی تعاون کے متعدد شعبوں کی نشاندہی کی گئی اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے ذریعے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔









