اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ٹیلیفون کیا اور ان سے تیز گام ٹرین حادثے کی تفصیلات سے متعلق استفسار کیا۔ وزیر اعظم نے ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے سے افسوس اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر غم کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجہ سے 74 مسافر جاں بحق جبکہ 40 افراد رخمی ہوئے۔ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اور قریبی علاقوں سے آرمی کے جوان حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے مقامی انتظامیہ سے ملکر ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم کو حادثے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ وزیر ریلوے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ٹرین حادثہ دو گیس سلنڈروں کے پھٹنے کے باعث پیش آیا جو مسافروں کی جانب سے ایک اکانومی کوچ میں ناشتے کی غرض سے غیر قانونی طور پر استعمال ہو رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ٹرین کو صبح ساڑھے چھ بجے لیاقت پور کے قریب پیش آیا۔ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ آرمی چیف کے فراہم کردہ خصوصی طیارے کے ذریعے دن بارہ بجے رحیم یار خان اور ملتان کے ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کے لئے پہنچے۔ وزیر اعظم نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی مدد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ وزیر ریلوے نے مزید بتایا کہ جاں بحق مسافروں کے لئے فی کس 15 لاکھ جبکہ زخمی ہونے والوں کے لئے تین سے پانچ لاکھ ادا کئے جائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کو وزیر اعظم کی طرف سے فی کس 5 لاکھ مزید ادا کئے جائیں گے۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ تقریباً 2 لاکھ تبلیغی رائیونڈ میں اجتماع کے لیے ٹرین سے سفر کرتے ہیں۔ یہ افراد اپنے ساتھ کھانا پکانے کا سامان اور چولہے وغیرہ بھی لے کر سفر کرتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ بظاہر ٹرین عملے کی غفلت اس حادثے کا باعث بنی، کسی کی بد نیتی کے بارے میں کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ وزیر اعظم نے شیخ رشید احمد کو حادثے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعے میں کوتاہی کے مرتکب افراد سے قانون کے مطابق پیش آنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے مستقبل میں ایسے ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لئے ریلوے میں کڑے احتساب کی بھی ہدایت کی۔