ذرائع ابلاغ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک کے منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ژائو چیائو

120

اسلام آباد ۔ 02 نومبر (اے پی پی) چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل اردو سروس سیکشن کی ڈائریکٹر ژائو چیائو نے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ چین کے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو(بی آر آئی) اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن (پی سی ایف اے) کے سیکرٹری جنرل سید علی نواز گیلانی نے دورے پر آئے چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے وفد کے اعزاز میں دی گئی ضیافتکی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا دونوں منصوبوں کے خطے کو ملنے والے فوائد اورچینی قیادت اور عوام اقتصادی تعاون اور مربوط مواصلاتی مہارتوں کے ذریعے اپنی خوشحالی کے ثمرات اپنے دوستوں اور ہمسایوں کے ساتھ شیئر کرنے کی خواہش کے نظریہ کو واضح کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ ژائو چیائو نے کہا کہ چینی قیادت عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو معاشیا ور سماجی طور پر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے چین کی اصلاحاتی پالیسیوں کے فوائد سے دنیا کو آگاہ کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی تجربات باقی ماندہ دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں۔ حال میں چین کی حکومت نے چائنہ میڈیا گروپ کا بھی قیام عمل میں لایا ہے جس کی سربراہی شین ہائی شیانگ بطور پہلے صدر کے کر رہے ہیں تاکہ دنیا بھر میں لوگوں کو بروقت اور مصدقہ اطلاعات فراہم کی جا سکیں۔ چین کا یہ میڈیا گروپ میں چی چی ٹی وی، چائنہ نیشنل ریڈیو اور چائنیہ ریڈیو انٹرنیشنل پر مشتمل ہو گا۔ ڈائریکٹر سی آر اائی چین ژیانگ شاہین نے کہا کہ اس وقت ایف ایم 98 دوستی ریڈیو چینل اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے پاکستان میں سامعین کو بیجنگ سے براہ راست نشریات فراہم کر رہا ہے۔ مستقبل میں زندگی کے تمام شعبوں میں پاک۔چین مفاہمت کے فروغ کے لئے مزید عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔