تحریک انصاف بدعنوانی کے حوالے سے اپنے بنیادی فلسفہ سے انحراف نہیں کرے گی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

81

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بدعنوانی کے حوالے سے اپنے بنیادی فلسفہ سے انحراف نہیں کرے گی، امید ہے دھرنے کے شرکاء آئندہ نماز جمعہ اپنے علاقوں میں ادا کریںگے، حکومت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے غیر آئینی مطالبے قبول نہیںکرے گی’ حکومت جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں دیئے جانے والے دھرنے کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔ ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت حزب اختلاف کا کوئی بھی غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبہ تسلیم نہیں کرے گی تاہم ان کے قانونی مطالبے قبول کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ کے مطالبہ کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے انہوں نے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن پر زور دیا کہ وہ حکومت کے سامنے اپنے آئینی مطالبات رکھیں تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے شرکا بدامنی اور افرا تفری چاہتے ہیں لیکن عمران خان کی حکومت دھرنے کا پرامن خاتمہ چاہتی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آزادی مارچ میں شامل افراد جلد ہی پرامن طور پر اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو جائیں گے۔انہوں امید ظاہر کی کہ دھرنے کے شرکاء آئندہ نماز جمعہ اپنے شہروں میں ادا کریں گے کیونکہ مولانا فضل الرحمن کو صورتحال کا اندازہ ہے اور وہ اپنے غیر جمہوری مطالبات سے بھی واقف ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ انتشار کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور تمام جمہوری مسائل کا حل جمہوری انداز میں ہی ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں رابطے میں ہیں اور توقع ہے کہ وہ اچھے انداز میں اس مسئلے کا حل تلاش کرلیں گی۔