رضاکار اداروں سے متعلق ٹرسٹ کی 6 سال بعد تشکیل اور پہلا اجلاس

اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی)تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے تحت رضاکار اداروں سے متعلق ٹرسٹ (ٹی وی او) کی 6 سال بعد تشکیل کے بعد ٹرسٹ کا پہلا اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ ٹی وی او کا قیام ایک خصوصی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے قیام کے لئے پاکستان اور امریکہ کے مابین ایک معاہدے کے بعد مقامی طور پر گرانٹ پیدا کرنے والے ادارے کے …

اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی)تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے تحت رضاکار اداروں سے متعلق ٹرسٹ (ٹی وی او) کی 6 سال بعد تشکیل کے بعد ٹرسٹ کا پہلا اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ ٹی وی او کا قیام ایک خصوصی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے قیام کے لئے پاکستان اور امریکہ کے مابین ایک معاہدے کے بعد مقامی طور پر گرانٹ پیدا کرنے والے ادارے کے طور پر 1990ءمیں قیام عمل میں لایا گیا تھا، ٹی وی او کا قیام غیر سرکاری تنظیموں کی صلاحیتوں سے استفادہ کے لئے بھی عمل میں لایا گیا جس کا مقصدکو ترقی کے طریقہ کار کو بہت بنانے کے لئے این جی اوز کو ترقیاتی عمل مین شامل کر نا بھی ہے تاکہ پسماندہ علاقوں کے عوام اور نظر انداز شدہ طبقات کے معیار زندگی مین بہتری لائی جا سکے۔ یہ ٹرسٹ 1992 میں مکمل طور پر فعال ہوا۔ لیکن گزشتہ 6 سال سے بورڈ کی تشکیل نہیں ہوئی تھی جس کے نتیجہ میں یہ غیر فعال ہو گیا تھا۔ قبل ازیں رواں برس ابتدائی مرحلے میں بورڈ اراکین کے تقرر کے عمل کو شفاف بنایا گیا اور اوپن اشتہار کے ذریعے لوگوں کو بورڈ اراکین کے طور پر خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی جس کے بعد گزشتہ ماہ کابینہ نے اس کی حتمی منظوری دے دی جس کے بعد آج اس کا پہلا اجلاس منعقد کیا گیاہے۔ ٹی وی او کے امور کی نگرانی 13رکنی بورڈ آف ڈائریکٹر سر انجام دے گا۔ بورڈ اراکین میں تین سابق افسران بھی شامل ہیں جو وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن، وزارت خزانہ اور وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی نمائندگی کریں گے ۔بورڈ مین نجی شعبہ سے 10 افراد بھی شامل ہیں۔ ٹی وی او احساس پالیسی کے 36 اہداف کے تحت پروگراموں کا اجراءکریں گے۔ پالیسی لائحہ عمل کا مقصد یتامیٰ، سٹریٹ چلڈرن، موسم کے اعتبار سے ہجرت کرنے والے طبقات، خواجہ سراﺅں بچوں سے جبری مشقت اور یومیہ اجرتی مزدوروں کے طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے این جی اوز سے شراکت داری کرنا ہے۔ پیر کو پہلے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم کی معاون خصوصی تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کر رہی تھیں۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ٹی وی اور بورڈ اراکین کو حکومت کی احساس گورننس و انٹی گریٹی پالیسی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی او کا مقصد معاشرے کے انتہائی پسے ہوئے طبقات کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے احساس گورننس و انٹی گریٹی پالیسی کا خصوصی طور پر تذکرہ کرتے ہوئے بھر پور عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے کلمات کے بعد بورڈ کا اجلاس پورے دن جاری رہا اور مختلف امور پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا اورادارے کے مالی و انتظامی امور کی نگرانی کے لئے چیف ایگزیکٹو افسر کے تقرر سمیت متعدد فیصلے کئے گئے۔