اسلام آباد ۔ 29 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان میں شہروں کا پھیلاﺅ ایک بڑا چیلنج ہے، اس حوالہ سے منصوبہ بندی کیلئے درست معلومات کے متعلق تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں، حکومت آئندہ سال مارچ تک فوج کے تعاون سے مردم شماری کے انعقاد کیلئے پرعزم ہے۔ وہ پیر کو یہاں وزیر مملکت ماروی میمن اور آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے آسٹریلین ہائی کمیشن اور اقوام متحدہ کے انسانی آبادی کے پروگرام (یو این ہبیٹیٹ) کے اشتراک سے پاکستان سٹیز رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شہروں کے پھیلاﺅ کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے دورس اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان شہروں کی صورتحال سے متعلق رپورٹ تیار کر رہی ہے جس کے نتیجہ میں حاصل ہونے والی معلومات سے منصوبہ سازوں، فیصلہ سازوں اور معاشرے کو شہری مسائل کے بہتر حل نکالنے میں مدد ملے گی۔