پاک فوج کے نامور سپوت اور 1971ء کی جنگ کے مایہ ناز جانثار میجر شبیر شریف کا 48واں یوم شہادت منایا گیا

اسلام آباد ۔06 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے نامور سپوت اور 1971ء کی جنگ کے مایہ ناز جانثار میجر شبیر شریف شہید کا 48واں یوم شہادت جمعہ کو منایا گیا۔ اس موقع پر اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شہید کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ پا ک فوج کے مایہ ناز سپوت میجر شبیر شریف شہید اپریل 1943ء …

اسلام آباد ۔06 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے نامور سپوت اور 1971ء کی جنگ کے مایہ ناز جانثار میجر شبیر شریف شہید کا 48واں یوم شہادت جمعہ کو منایا گیا۔ اس موقع پر اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شہید کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ پا ک فوج کے مایہ ناز سپوت میجر شبیر شریف شہید اپریل 1943ء کو پیدا ہوئے، ان کا تعلق ایک راجپوت گھرانے سے تھا۔ 1971ء میں جب بھارت نے پاکستان پر جارحانہ حملہ کیا تو پاک فوج کے جیالوں میں میجر شبیر شریف بھی شامل تھے۔ جنگ کے دوران میجر شبیر شریف نے 3دسمبر کی شام تک دشمن کو اس کی دفاعی قلعہ بندیوں اور خندقوں سے باہر نکال دیا۔ اس معرکے میں دشمن کے 43سپاہی مارے گئے اور 4 ٹینک تباہ ہوئے۔5 اور6 دسمبر کی درمیانی شب میجر شبیر شریف نے آسام رجمنٹ کے کمپنی کمانڈر کو ہلاک کر کے اہم دستاویزات پر قبضہ کرلیا۔6 دسمبر کو دشمن نے ایک خوفناک جوابی حملہ کیا جس میں میجر شبیر شریف جو مسلسل دشمن پر فائرنگ کر رہے تھے شہید ہوگئے۔ حکومت پاکستان نے انہیں ان کی اعلیٰ عسکری خدمات پر نشان حیدر کا اعزاز عطاکیا۔ میجر شبیر شریف لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔ میجر شبیر شریف شہید کا نشان حیدر کا اعزاز3 فروری 1977ء کو ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں ان کی بیوہ نے حاصل کیا۔