صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم قائد کے موقع پر پیغام

133

اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی بصیرت اور دوراندیشی کی بدولت برصغیر کا نقشہ بدل کر ہمیں ایک آزاد وطن دیا، آج ہمیں مستقبل کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ان کے فرمان ”اتحاد، ایمان اور تنظیم” کو بنیادی اصول کے طور پر اپنانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم قائد کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن ہمارے مادر وطن کی تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، یہ دن اس عظیم قائد کا یوم ولادت ہے جس نے برصغیر کا نقشہ بدل دیا اور ہمیں پاکستان کے نام سے ایک آزاد وطن عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک وژنری شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ شناخت، ضروریات اور سیاسی سمت کا تعین کیا، بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں بابائے قوم کی بصیرت اور دور اندیشی کا مشاہدہ آج بھی کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم آج بابائے قوم کے تصور کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں، آج کے دن عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہم متحد رہیں اور ان کی تعلیمات پر عمل کریں، آئیں ”اتحاد، ایمان اور تنظیم” کو اپنے مستقبل کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بنیادی اصول کے طور پر اختیار کریں۔