وزیراعظم محمد نوازشریف کا گوادر میں متعدد ترقیاتی منصوبہ جات کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

166

گوادر مستقبل کا ترقی یافتہ ترین شہر ہو گا،گوادر پاکستان اور پاکستان گوادر ہے،پاکستان میں دہشت گردی دم توڑ رہی ہے، بلوچستان امن کا گہوارہ بنتا جا رہا ہے، وہ دن دور نہیں جب چین سے ٹریفک چلے گی اور گوادر آئے گی، چین کے تعاون سے توانائی، ریلوے کی بہتری، اقتصادی زونز کے قیام، روڈ نیٹ ورک سمیت انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبہ جات مکمل کئے جا رہے ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان دوستی سیاسی سطح سے اب اقتصادی سطح میں تبدیل ہو رہی ہے ،2018ءتک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا
وزیراعظم محمد نوازشریف کا گوادر میں متعدد ترقیاتی منصوبہ جات کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب
گوادر ۔ یکم ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے ترقی کے عمل کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھائے جانے سے ماضی کا پسماندہ ترین شہر گوادر مستقبل کا ترقی یافتہ ترین شہر ہو گا، گوادر پاکستان اور پاکستان گوادر ہے، 1991ءمیں ہی گوادر کی اہمیت کا اندازہ ہو گیا تھا یہ میرا دیرینہ خواب تھا جو الحمداللہ آج پورا ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے، پاکستان میں دہشت گردی دم توڑ رہی ہے، بلوچستان امن کا گہوارہ بنتا جا رہا ہے، وہ دن دور نہیں جب چین سے ٹریفک چلے گی اور گوادر آئے گی، گوادر بندرگاہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے یکساں مفید ہو گی، توانائی، ریلوے کی بہتری، اقتصادی زونز کے قیام، روڈ نیٹ ورک سمیت انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبہ جات چین کے تعاون سے مکمل کئے جا رہے ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان دوستی سیاسی سطح سے اب اقتصادی سطح میں تبدیل ہو رہی ہے یہی پائیدار دوستی کی نشانی ہے، ملک میں پن بجلی، کوئلہ، ایل این جی، ونڈ، سولر پاور پلانٹس پر کام جاری ہے،2018ءتک پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں متعدد ترقیاتی منصوبہ جات کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔