گوادر کا مستقبل روشن ہے،یہ خطہ کے ممالک کے درمیان روابط کا بہترین ذریعہ ہو گا، بلوچستان کے 20 عمائدین چین کا دورہ کریںگے
پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ کاگوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر اظہار خیال
گوادر ۔ یکم ستمبر (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ گوادر منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے اہمیت کا حامل ہے، گوادر کا مستقبل روشن ہے اس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا، گوادر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات منصوبے کا حصہ ہیں، گوادر علاقائی ملکوں کے درمیان روابط کا بہترین ذریعہ ہو گا، بلوچستان کے 20 عمائدین چین کا دورہ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ گوادر میں آنا میرے لئے اعزاز ہے، گوادر بندرگاہ اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ ہے، گوادر بندرگاہ کا منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ گوادر بندرگاہ کی تعمیر میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں، گوادر پورٹ کی تعمیر انجینئرز اور تکنیکی عملہ کی مہارت کا نتیجہ ہے۔