وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پی این سی اے میں ”قراقرام کی صوفی موسیقی کے رنگ” کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فنکار اور گلوکار پاکستان کا حقیقی چہرہ ہیں، گلگت بلتستان کا خطہ تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل خطہ ہے جو سی پیک کی کامیابی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ،وزیر اعظم کا سیاحت سے جڑا بیانیہ گلگت بلتستان کے چہرے کو دنیا کے …

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فنکار اور گلوکار پاکستان کا حقیقی چہرہ ہیں، گلگت بلتستان کا خطہ تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل خطہ ہے جو سی پیک کی کامیابی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ،وزیر اعظم کا سیاحت سے جڑا بیانیہ گلگت بلتستان کے چہرے کو دنیا کے سامنے روشناس کرانے کی حکمت عملی پر مبنی ہے، وزیر اعظم عمران خان آپ کا روشن، اعتدال پسند اور ابھرتا ہوا چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں، گلگت بلتستان کے بہادر اور نڈر عوام نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جنہوں نے نہ صرف ڈوگرہ کو مار بھگایا تھا بلکہ اس علاقہ میں سبز ہلالی پرچم لہرایا، جشن ساز و آواز کی اس محفل میں اس خطے کا ایک منفرد روحانی کردار علامہ نصیر الدین نصیر ہنزائی سے روشناس ہونے کا بھی شرکاء کو موقع فراہم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ”قراقرام کی صوفی موسیقی کے رنگ” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ احترام انسانیت کا درس دیا اور ہمارے سب سے بڑے انسانی حقوق کے چیمپئن پیغمبر آخری الزمان حضرت محمدۖ ہیں جنہیں رحمت اللمسلمین نہیں بلکہ رحمت اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا گیا کیونکہ اللہ تعالیٰ بھی اپنی مخلوقات سے محبت کرتا ہے جو رب اللعالمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس روحانی محفل کے انعقاد کے منتظمین کی شکرگزار ہوں ان کی یہ کاوش نہ صرف ان کے وژن کی عکاسی کرتی ہے بلکہ روحانی سوچ کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعری آوازوں کا روپ دھار کر جو شرکاء کی سماعتوں کا سبب بنی اس میں بروشسکی اکیڈمی کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت سے محبت کا جو بنیادی پیغام ہم یہاں سے لے کر جائیں گے وہ احترام انسانیت کا پیغام ہے جو تمام معاشرتی مسائل کا حل ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے علامہ نصیر الدین نصیر ہنزائی کی روحانی اور ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 100 سے زائد کتب لکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا خطہ تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل خطہ ہے جو سی پیک کی کامیابی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نڈر، بے باک اور وطن کے جراتمند سپاہی ہیں جنہوں نے ہمیشہ وطن کے دفاع کیلئے قربانیاں دی ہیں ان کی یہ قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ماضی کی محرومیوں کا خاتمہ اور انہیں با اختیار بنانا وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان مواقعوں کی سرزمین ہے، حکومت کا مقصد گلگت بلتستان کی ان صلاحیتوں کو محفوظ بنانا، انہیں تحفظ دینا اور دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ اس خطہ کی دلکشی کی جانب سیاحوں کی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مسائل کا حل علمی اور روحانی سرگرمیوں میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ رواداری اور قدیم روایات کے امین ہیں۔ پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفینو پونٹیکوروو کی بروشسکی ریسرچ اکیڈمی کے تعاون اور گلگت بلتستان کی ثقافت کے فروغ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس علاقہ کے فنکار، گلو کار اور گائیک پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں۔ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے انہوں نے اٹلی کے سفیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ اس اکیڈمی کے لئے عطیہ دہندہ اور ترقیاتی شراکت دار ہیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد اور غیر ملکی مہمانوں نے بھی اس روح پرور تقریب میں شرکت کی۔