اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے۔مہر آباد ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ ایران کے ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی ، تہران میں پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور سید فواد شیر اور سفارت خانے کے حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں وزیر خارجہ …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے۔مہر آباد ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ ایران کے ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی ، تہران میں پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور سید فواد شیر اور سفارت خانے کے حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں وزیر خارجہ ،ایران امریکہ کشیدگی اور مشرق وسطی میں امن وامان کی صورتحال پر پاکستان کا موقف ایرانی قیادت کے سامنے رکھیں گے۔خطے میں کشیدہ صورتحال کے تناظر میں وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ ایران کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ایران میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں وقوع پذیر صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 13جنوری کو ریاض جائیں گے جہاں وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن آل سعود سے ملاقات کریں گے اور ان سے علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر مشاورت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق حالیہ رونما ہونے والے واقعات سے پہلے سے نازک صورت حال سے دوچار خطے میں امن و سلامتی خطرے میں ہے اور پرامن انداز میں اس کے حل کے لیے فوری اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان دوروں کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نگاہ سے آگاہ کریں گے اور تنازعہ سے بچاؤ کی ضرورت پر زور دیں گے اور کشیدگی میں کمی کے ساتھ سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ وزیر خارجہ اختلافات کے حل میں سہولت کاری اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے اختلافات اور تنازعات کے حل میں سہولت کاری کے لئے پاکستان کی آمادگی سے بھی آگاہ کریں گے۔ اتوار کووزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشہد میں روضہء امام رضا علیہ السلام پر حاضری دی۔وزیر خارجہ نے احاطہ ء روضہ ء امام رضا علیہ السلام میں نوافل ادا کئے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صوبہ خراسان کے گورنر جنرل علی رضا رزم حسینی سے اتوار کو ملاقات کی۔گورنر جنرل نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کو مشہد تشریف آوری پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے زیارت کیلئے تشریف لانے والے سالانہ تیس لاکھ زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہیں ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پر تپاک استقبال پر گورنر جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپنے حالیہ دورے کا آغاز اس مقدس مقام کی زیارت سے کرنا ،باعث سعادت سمجھتا ہوں ،پاکستان سے زائرین کی ایک بڑی تعداد ہرسال روضہء امام رضا علیہ السلام کی زیارت کے لئے یہاں آتی ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔








