مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی فرانسیسی سفیر مارک بریٹی سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور پیداواریت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے سماجی تحفظ کے پروگرام کے لئے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں، کیش ٹرانسفر پروگرام کو بہتر بنایا گیا …

اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور پیداواریت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے سماجی تحفظ کے پروگرام کے لئے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں، کیش ٹرانسفر پروگرام کو بہتر بنایا گیا ہے، پیداواریت کے فروغ کے لئے ملک میں کاروبار میں آسانیوں کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لئے برآمدی شعبے کو بجلی اور گیس کے علاوہ قرضوں پر بھی سبسڈی دی جارہی ہے، حکومت نے ملکی معیشت کو آئی سی یو سے نکالنے کے لئے سخت محنت کی اور اب عظیم تر استحکام اور ملکی پیداوار کے فروغ کے لئے سازگار ماحول پیدا ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ملک میں کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے کئی میگا پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔ ان پراجیکٹس میں آبپاشی کے نظام میں بہتری ‘ کھیتوں کی سطح پر پانی کی کھالیں بہتر بنانے ‘ پانی ذخیرہ کرنے سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔ زرعی پیداوار کے فروغ کے لئے بیجوں کے معیار میں بہتری‘ کیج کلچر ڈویلپمنٹ ‘ جھینگوں کی افزائش اور بارانی علاقوں میں پانی کے تحفظ کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نے معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سماجی تحفظ کے بجٹ کو سو ارب روپے سے بڑھا کر 190 ارب روپے کردیا ہے۔ اس کے علاوہ کیش ٹرانسفر کے پروگرام کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور آٹھ لاکھ مستحق افراد کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے حکومت نے حال ہی میں سات ارب روپے کا خصوصی فوڈ پیکج جاری کیا ہے۔ اس پیکج کے ذریعے یوٹیلٹی سٹورز میں شہریوں کو سستے نرخوں اشیاءخوردونوش فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نے حسابات جاریہ کا خسارہ 20 ارب ڈالر سے کم کرکے 13 ارب ڈالر کردیا ہے اور رواں مالی سال کے اختتام پر اسے 8 ارب ڈالر کی سطح پر لایا جائے گا۔ گزشتہ پانچ برسوں میں برآمدات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا تھا۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں برآمدات میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ محصولات میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے دوران 280 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ادائیگیوں میں بہتری کے نتیجے میں ایکسچینج ریٹ کو استحکام ملا ہے۔ بلوم برگ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ قرار دیا ہے۔ فرانس کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ معیشت کے استحکام کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات سے وہ متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی اصلاحات اور استحکام و بڑھوتری کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور اقتصادی شعبے میں تعاون اور شراکت داری کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

مزید خبریں