گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کھدر والا سمندری میں ون لائف فاﺅنڈیشن ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر خطاب

193

فیصل آباد 19 جنوری(اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سرکاری سطح پر عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے وسیع اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم دیار غیر میں بسنے والوں کی معاونت بھی قابل ستائش ہے جو طبی شعبہ میں اپنے وسائل سے صحت کی سہولیات فراہم کرکے انسانیت کی عظیم خدمت کررہے ہیں۔انہوں نے یہ بات کھدر والا سمندری میں برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی اعجاز سرور کی طرف سے قائم کئے گئے ون لائف فاﺅنڈیشن ہسپتال کاافتتاح کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزراءتوانائی، وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم ڈاکٹر اختر ملک، محمد اجمل چیمہ بھی موجود تھے۔ضلعی چیئرمین اوور سیز مرزا محمد اصغر،ڈائریکٹر ہسپتال چوہدری محمد افضل نبی،ایم ڈی شاہین سرور،منظور حسین،اعجاز حسین،ندیم،جاوید اقبال،اریان سرور،اسامہ شاہین،مامون شاہین،نعیم انور،عبدالغفار اور دیگر تارکین وطن بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے ون لائف فاﺅنڈیشن ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے اور سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کی فراہمی کو سراہا اور اعجاز سرور اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دیار غیر میں رہ کربھی پاکستانیوں کی مختلف شعبوں میں خدمت کررہے ہیں جن کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں دکھی انسانیت کی خدمت قرب الہٰی کا ذریعہ ہے اور اس نیک وفلاحی کام میں حصہ لینے والے معاشرے کی بہت بڑی خدمت کررہے ہیں حکومت ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ فاﺅنڈیشن کا قیام بڑا کارنامہ ہے جو کارخیر ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبہ میں حکومت کے لئے سہارا بھی ہے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ خدمت خلق عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور انسانی فلاح کے کام صدقہ جاریہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال علاقہ کے لوگوں کے لئے تحفہ سے کم نہیں جو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستان اور یہاں کی عوام سے گہری محبت رکھتے ہیں جو تعلیم ،صحت ودیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرور فاﺅنڈیشن کی طرف سے اب تک تعلیمی اداروں، ہسپتالوں ،جیلوں اور دیگر عوامی مقامات پر200 سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا چکے ہیں اور آئندہ سالوں میں پنجاب بھر کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہسپتال فاﺅنڈیشن کی اپ گریڈیشن کے منصوبے میں سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کا معیار انسانی خدمت میں پوشیدہ ہے لہٰذاعوامی خدمت کو شعار بنائیں اور وطن عزیز کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے کوششوں میں کمی نہ آنے دیں۔صوبائی وزراءنے ون لائف فاﺅنڈیشن ہسپتال کو علاقہ کے لوگوں کے لئے بڑی سہولت قرار دیا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن سے محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات حکومتی کوششوں میں فائدہ مند ہیں جس کی بدولت عوام کو سہولیات حاصل ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت عوام کو ہر شعبہ میں سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اس سلسلے میں دوررس نتائج کے حامل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔چیف ایگزیکٹو فاﺅنڈیشن اعجاز سرور نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور صوبائی وزراءکی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہسپتال کا قیام مشن تھا جس کو کامیابی سے مکمل کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں خواتین وارڈ،ای سی جی روم،ایکسرے روم،الٹراساﺅنڈ،لیبارٹری،اپریشن تھیٹر،ایمرجنسی وارڈ ودیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور پرچی فیس کے علاوہ تمام تر علاج معالجہ بلامعاوضہ ہوگا۔انہوں نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو جاری رکھیں گے۔اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ون لائف فاﺅنڈیشن ہسپتال کے قیام میں معاونت کرنے والوں میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔