کلین اینڈ گرین پاکستان پراجیکٹ کا مقصد جنگلی حیات کا تحفظ ہے، حکومت نے جنگلی جانوروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے بھاری رقم مختص کی ہے، وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی پی ٹی وی سے گفتگو

80

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت کا کلین اینڈ گرین پاکستان پراجیکٹ کا مقصد ملک بھر میں جنگلی حیات کے علاقوں اور وائلڈ لائف کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، حکومت نے جنگلی جانوروں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر کے ان کی زندگیوں کو بچانے کیلئے بھاری رقم مختص کی ہے یہ اقدام مختلف اقسام کے جنگلی جانوروں کی تعداد میں کمی کو روکنے کے لئے کیا گیا ہے ۔ منگل کو پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئیبکس سمیت دیگر جنگلی جانوروں کو اپنی آبادی بڑھانے کیلئے محفوظ مقامات مہیا کئے گئے ہیں کیونکہ بڑھتی ہوئی آلودگی اور انسانی سرگرمیوں سے ان کے وجود کو خطرات لاحق ہیں۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ جنگلی جانوروں کی زندگیوں کو مستقل خطرہ ہے اس لئے ہم نے ان کے مفاد میں صوبائی سطح پر جنگلات کو فروغ دینے کا عمل شروع کیا ہے انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ہاﺅسنگ سوسائٹیز سے بھی جنگلی حیات کو نقصان پہنچ رہا ہے حکومت جنگلی حیات کے قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے کوششیں جاری رکھے گی ۔