حکومت پائیدار ترقی کے حصول کے لئے کوشاں ہے، معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک میں غیر ملکی ترسیلات زر، اسٹاک ایکسچینج اور برآمدات میں اضافے کا رحجان ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر

70

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار ترقی کے حصول کے لئے کوشاں ہے، ٹھوس معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک میں غیر ملکی ترسیلات زر، سٹاک ایکسچینج اور برآمدات میںاضافے کا رحجان دیکھا جارہا ہے، ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ترقیاتی کاموں کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ہدایات دی ہیں تاکہ معیشت میں توسیع کے نتائج کو مناسب انداز میں ممکن بنایا جاسکے۔ شرح سود اور صنعتی شعبے کے بارے سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ امید ہے کہ اگلی مانیٹرنگ پالیسی میں سود کی شرح کو کم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور وزیر اعظم کے وژن کے تحت غیر ملکی ترسیلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی شرح 13 فیصد ہے جبکہ بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ سیکٹر میں اعداد و شمار 9.7 فیصد نوٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس پرائس انڈیکس آہستہ آہستہ نیچے آ رہا ہے اور ہم مستقبل قریب میں مہنگائی کی شرح میں زیادہ سے زیادہ کمی لانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔