دنیا پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اورمقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبوں کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات اٹھائے، علی امین گنڈاپور

77

اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے عالمی دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمے اورمقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبوں کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں ، بھارت کے قابل مزمت اقدامات کے باعث جنوبی ایشیا ءکا خطہ مسلسل سیکورٹی خطرات سے دوچار ہو رہا ہے اور جو سلوک بھارت کشمیریوں اوربھارتی مسلمانوں کے ساتھ کر رہا ہے اس کے خطے کی سلامتی کے حوالے سے بڑے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو کچلنے کے لیے کرفیو کا نفاز کر رکھا ہے اورکشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے ان کا ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے اور ان کی املاک کو ہندو انتہاپسندوں کے حوالے کرنے کے مزموم منصوبے بنائے جا رہے ہیں ، وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی کی انتہا پسند پالیسیز پوری دنیا پر بے نقاب ہو چکی ہیں اور بین الاقوامی میڈیا بھی یہ رپورٹ کر رہا ہے کہ نام نہاد سیکولر بھارت کی پہچان اب انتہا پسند ہندو ہو چکی ہے اور بھارت کے ریاستی ادارے آر ایس ایس کے ہندوتا نظریے کی تکمیل کے لیے سرگرم عمل نظر آ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس ہندوتا نظریے کی تکمیل کی خاطر جس طرح مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ انتہا پسند ہندو مسلمانوں کو اپنی صدیوں پرانی عداوت کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کے تحفظ کے لیے عالمی دنیا خصوصی طور پر مسلمان ممالک کو عملی اقدامت اٹھانے چائیں اور بھارت پر یہ زور ڈالنا چائیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کا احترام کرے اور ان کو ان کا حق خوداردیت دے اور ساتھ ہی بھارت میں رہنے والے کروڑوں مسلمانوں کی جان اور املاک کے تحفظ کے لیے خلوص نیت سے اقدامات اٹھائے ، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت کے موجودہ حالات خود باشعور بھارتیوں کے لیے بھی پرشان کن ہیں کہ جس کے تحت بھارت کو مسلسل آگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جس کے نہ صرف خود بھارت کے لیے خطرناک ثابت ہوں گے بلکہ خطے میں عدم استحکام کی صورتحال بھی پیدا ہو گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کرنے کے لیے دنیا کے تمام فورمز پر آواز بلند کرتا رہے گا۔