اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کامسیٹس اور نسٹ نے شعبہ تحقیق میں زبردست کام کیا ہے، نسٹ نے کرونا وائرس کی تشخیص کی کٹ انتہائی کم قیمت میں تیار کی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں تین روزہ انٹرنیشنل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک پاکستان سے لے کر اب تک خواتین نے متحرک کرداد ادا کیا ہے، پاکستان میں خواتین کا مستقبل محفوظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کامسیٹس اور عالمی اداروںکے نیٹ ورک سے دنیا کی ٹیکنالوجی سے جڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود ستر سیاستدان پاکستان آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامسیٹس اور نسٹ نے شعبہ تحقیق میں زبردست کام کیا ہے۔ نسٹ نے کورونا وائرس کی تشخیص کی کٹ انتہائی کم قیمت میں تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 12ارب روپے کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سکالر شپس دیں گے ، یہ سکالر شپس ایمپورٹ کردہ مصنوعات کی پاکستان میں تیاری کے لیے دیئے جائیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں شعبہ زراعت پر بھرپور توجہ دینا ہوگی ، بدقسمتی سے زرعی ملک ہونے کے باوجود اربون کی دالیں باہر سے منگوارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںتعلیم کے ساتھ مواقع بھی پیدا کرنے ہیں، اعلی ٹیلینٹ کو ملک سے باہر جانے سے روکنے کے لیے اقدامات کرناہوں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا بجٹ 60 فیصد بڑھ گیا ہے، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اصلاحات لا رہی ہیں۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر کامسیٹس راحیل قمرنے کہا کہ دنیا کی پہلی یونیورسٹی مسلم خاتون نے قائم کی ہے، خواتین کے عالمی دن پر ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کے قیام سے قبل 850 پبلیکیشن سالانہ تھی ،گزشتہ سال اکیلے کامسیٹس نے 2000 سے زیادہ پبلیکیشنز کی ہیں، مستقبل نالج اکانومی کاہے، ہمیں عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔