اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و بجلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، منصوبہ سے گیس کی درآمد، سماجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ترکمانستان کے سفیر موولاموف عطا جان، تاپی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (ٹی پی سی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیئرمین بورڈ محمد میرات عمانوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے موجودہ حکومت کی حمایت اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ندیم بابر نے منصوبہ پر فوری عملدرآمد کے سلسلے میں تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ ٹی پی سی ایل کے سی ای او نے وفاقی وزیر پٹرولیم اور معاون خصوصی برائے پٹرولیم کو تاپی پائپ لائن پر پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔